‘‘پشانتے نہیں’’

میرے ملتانی شاگردان عزیز شیراز علی خان اور نعیم احمد قصوری حیرت سے پوچھ رہے ہیں کہ یہ کون سا لفظ ہے ” پشانتے”؟۔ میں اپنے دونوں پیارے شاگردوں کو بتا رہا ہوں کہ یہ لفظ پاکستان کے “عظیم سیاستدان” راجہ ریاض نے بولا ہے۔ تاریخ نے اس سے پہلے اتنا شاندار، پڑھا لکھا، بے باک اور ذہین ترین اپوزیشن لیڈر نہیں دیکھا۔ راجہ ریاض ایک “اصول پرست” سیاستدان ہے۔ قومی اسمبلی میں اسے اپوزیشن لیڈری بے وفائی، دھوکے بازی اور بددیانتی جیسے بڑے کارنامے انجام دینے پر ملی ہے۔ اس سے پہلے پنجاب اسمبلی میں “للڑ” سمجھ کر آصف علی زرداری نے اسے اپوزیشن لیڈر بنایا تھا۔ اس وقت بھی وہ “پشانتے” جیسے کئی لفظ بولا کرتے تھے۔ آپ کو یاد ہوگا کہ ایک مرتبہ انہوں نے پنجاب کے اپوزیشن لیڈر کے طور پر یہ کہہ دیا تھا کہ ” اگر ہمارے اشتیار پاڑے تو ہم بھی اشتیار پاڑیں گے”۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے یہ “ذہین و فطین” سیاستدان پنجاب کے سینئر وزیر بھی رہے ہیں۔ اس پہلوان سیاستدان کو اگر انگریزی پڑھنا پڑ جائے تو سمجھ لیں کہ موت پڑ جاتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں آپ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ گویا راجہ صاحب کو موت کا پیغام پڑھنا پڑجاتا ہے۔ انگریزی پیپر پڑھنے کے لئے راجہ ریاض کو ایک بندے کی ضرورت ہوتی ہے جو آہستہ سے لفظ کی ادائیگی کرتا ہے اور راجہ صاحب اس کے پیچھے باآواز بلند ادائیگی کرتے ہیں، مگر یہ آسان راستہ بھی انہیں مشکل میں ڈالے رکھتا ہے کیونکہ اکثر اوقات خیر سے ادائیگی غلط ہی ہوتی ہے۔ میرا خیال ہے راجہ صاحب کی تقریریں سننے کے لئے گلی محلے کے لڑکے شوق سے اکٹھے ہوتے ہوں گے کیونکہ راجہ ریاض کی تقریر لوگوں کو ہنسنے ہنسانے کا خوب موقع مہیا کرتی ہو گی، مگر اس مرتبہ راجہ جی تھوڑے دکھی ہیں، انہیں ڈر ہے کہ اس مرتبہ میرے جلسے کے تماشائیوں کے ہاتھ میں انڈے ٹماٹر کے علاوہ پتھر بھی ہو سکتے ہیں۔ اسی لئے انہوں نے قومی اسمبلی میں اپنے دل کی بھڑاس نکالی ہے اور بڑے دکھی دل کے ساتھ وزراء خاص طور پر خواجہ سعد رفیق کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ ان کی حکومت ہماری وجہ سے بنی اور آج یہ ہمیں “پشانتے” نہیں۔ ویسے راجہ ریاض پاکستانی سیاست کا ایک بڑھک باز اداکار ہے۔ مجھے یاد ہے کہ 2018 سے پہلے ایک ٹی وی چینل کی تقریب رونمائی تھی۔ اسلام آباد کے ایک بڑے ہوٹل کے بڑے ہال میں ایک بڑے صوفے پر عمران خان اور یہ خاکسار براجمان تھے، ہم دونوں آپس میں ایک دوسرے کے کان میں بات کر رہے تھے۔ جونہی اس ٹی وی چینل نے اپنے اینکرز کو عمران خان سے متعارف کروانا شروع کیا تو میں وہاں سے اٹھ کر سامنے ایک اور صوفے پر بیٹھ گیا۔ اتنی دیر میں راجہ ریاض میرے پاس آئے اور کہنے لگے ” اج کیدا سر کھڑیا جے” میں نے بھی ہنستے ہوئے کہا ” راجہ جی! تہاڈا سر محفوظ اے”۔ میں نے تو 2018 سے پہلے راجہ ریاض کے سر کے محفوظ ہونے کی بات کی تھی مگر جب خود کوئی اپنا دشمن آپ بن جائے پھر کسی اور کا قصور کیا ہو سکتا ہے۔ راجہ ریاض خود تو ڈوبے تھے لیکن ساتھ اُن بیس منحرف اراکین نے اپنی سیاست کا جنازہ خود تیار کیا ہے۔ اب یہ ٹولہ اس خوف میں مبتلا ہے کہ پتہ نہیں الیکشن کے موقع پر ہمارے ساتھ کیا کیا ہاتھ ہو ۔ انہیں پہلا خطرہ تو یہ ہے کہ ن لیگ انہیں ٹکٹ نہیں دے گی، ان کے اندر خوف کی دوسری لہر یہ ہے کہ جو پارٹی الیکشن سے خود خوف زدہ ہے اگر اس کا ٹکٹ ہمیں مل بھی گیا تو ہم کیا کریں گے۔ تیسرا ڈر انہیں یہ ہے کہ ہم لوگوں کا سامنا کس طرح کریں گے کیونکہ لوگوں کے ہاتھوں میں انڈے ٹماٹر اور پتھر ہوں گے۔ ہو سکتا ہے کچھ ناہنجار قسم کے نوجوان لوٹے بھی لے آئیں۔ ویسے آپس کی بات ہے وہ بھی کیا منظر ہو گا جب لوٹوں کے روبرو لوٹے ہوں گے۔ حال ہی میں میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا ہے ۔ کرشماتی طور پر ان کے ووٹ بڑھ کر 180 ہو گئے ہیں ۔ اس کا مطلب ہے کہ انہیں چھ سات ووٹ راجہ ریاض کی کمان میں کام کرنے والی اپوزیشن نے دیے ہیں۔ اس پر حکومتی حمایت یافتہ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ میں ان ممبران کو اچھی طرح ” یانتا ہوں اور وہ بھی مجھے پشانتے ہیں”۔ قوم آج کل سائرہ بانو کی تقریریں بڑی توجہ سے سن رہی ہے، اس میں کوئی شک نہیں سائرہ بانو کی تقاریر عوام میں بہت مقبول ہو رہی ہیں۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ عام لوگوں کے مسائل کو اجاگر کرتی ہیں۔ ان کا عوامی لب و لہجہ بتا رہا ہے کہ انہیں عوام کے دکھوں کا مکمل احساس ہے۔ درحقیقت سائرہ بانو ہی اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کر رہی ہیں مگر اب مسئلہ یہ ہے کہ پتہ نہیں راجہ ریاض انہیں “پشانتے” ہیں یا نہیں۔ کہ بقول شاعرکہاں اتنا دم کہ ہوائے غم مرے سب چراغ بجھا سکےکبھی کوئی پھول کھلا رہا کبھی کوئی شاخ ہری رہی

نوٹ: یہ کالم نگار کی اپنی رائے ہے، ویب سائٹ کا اس رائے سے متفق ہونا لازم نہیں

2 تبصرے “‘‘پشانتے نہیں’’

  1. You’re actually a good webmaster. This site loading speed is amazing. It sort of feels that you are doing any unique trick. In addition, the contents are masterwork. you’ve performed a magnificent process on this topic! Similar here: dyskont online and also here: E-commerce

  2. Hi! Do you know if they make any plugins to help with SEO? I’m trying to get my website to rank for some targeted keywords but I’m not seeing very good success. If you know of any please share. Cheers! I saw similar article here: Backlink Building

اپنا تبصرہ بھیجیں