‏پاگل لڑکی کا نغمہ محبت

میں آنکھیں بند کرتی ہوں اور دنیا ختم ہوجاتی ہے
میں پلکیں اٹھاتی ہوں اور سب کچھ دوبارہ ظہور میں آجاتا ہے
میرا خیال ہے کہ میں نے تمھیں اپنے دماغ کے اندر تخلیق کیا ہے

نیلی اور سرخ روشنیوں والے ستارے رقص کرتے ہیں
اور پھر گھپ اندھیرا چھا جاتا ہے
میں اپنی آنکھیں بند کرتی ہوں اور دنیا ختم ہوجاتی ہے

میں خواب دیکھتی ہوں کہ تم نے مجھ پر بستر میں سحر کردیا ہے
اور مجھے محبت کا گیت سناتے ہو اور مجھے دیوانگی میں چومتے ہو
میرا خیال ہے کہ میں نے تمھیں اپنے دماغ کے اندر تخلیق کیا ہے

خدا آسمان سے گرجاتا ہے، جہنم کی آگ دھیمی پڑجاتی ہے
فرشتے اور شیطان چھوٹ جاتے ہیں
میں اپنی آنکھیں بند کرتی ہوں اور دنیا ختم ہوجاتی ہے

مجھ میں خواہش ابھرتی ہے کہ تم وعدے کے مطابق لوٹ آو
لیکن میری عمر بڑھ چکی ہے اور میں تمھارا نام بھول گئی ہوں
میرا خیال ہے کہ میں نے تمھیں اپنے دماغ کے اندر تخلیق کیا ہے

مجھے تمھارے بجائے تھنڈربرڈ سے محبت کرنی چاہیے تھی
کم از کم وہ اس وقت تو واپس آکر گرجتے ہیں جب بہار آتی ہے
میں آنکھیں بند کرتی ہوں اور دنیا ختم ہوجاتی ہے
میرا خیال ہے کہ میں نے تمھیں اپنے دماغ کے اندر تخلیق کیا ہے

ترجمہ: مبشر علی زیدی

اپنا تبصرہ بھیجیں