لیول پلیئنگ فیلڈ کی دو شرائط

فرہنگ و قاموس کے مطابق لیول پلیئنگ فیلڈکو فارسی میں ’زمین بازی برابر‘ اور عربی میں ’فرص متکا فئۃ‘ کہتے ہیں، یہ دونوں ترجمے اردو زبان میں بدنما لسانی پیوند محسوس ہوتے ہیں لہٰذا طَوعاً و کرَ ہاً لیول پلیئنگ فیلڈ کی انگریزی اصطلاح سے ہی کام چلانا پڑتا ہے۔ لغویٰ معنیٰ میں یہ اصطلاح کھیلوں کی دنیا سے لی گئی ہے، یعنی دو حریفوں کو مقابلے کے لیے ایک سے حالات و ضوابط اور جیت کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔ ایسا نہ ہو کہ ایک میچ میں ایک کرکٹ ٹیم ایک پِچ پر بیٹنگ کرے، اور دوسری ٹیم دوسری پِچ پر، ایک ٹیم شیشے جیسی ہموار اور سیدھی وکٹ پر بیٹنگ کرے اور دوسری کرکٹ ٹیم اکھاڑے جیسی اونچی نیچی پِچ پر باری لے۔ آپ نے بہت مرتبہ سُنا ہو گا کہ اولمپکس میں کسی اتھلیٹ نے میڈل جیتا اور بعد ازاں اُس سے یہ میڈل واپس لے لیا گیا، پچھلے پچپن سال میں اولمپکس کمیٹی لگ بھگ 154 میڈل واپس لے چکی ہے، میڈل واپس لینے کی بنیادی وجہ ایک ہی ہوتی ہے، جیتنے والے اتھلیٹ پر الزام ہوتا ہے کہ اس نے لیول پلیئنگ فیلڈ کے اصول کی نفی کی ہے، سٹی روئیڈ یا کوئی اور ممنوعہ مواداستعمال کیا ہے جس سے اس کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری طرف اگر فطرت پر نظر ڈالیں تو ایک عالی شان نا انصافی کے منظر سے واسطہ پڑتا ہے، زندگی اور تاریخ اپنی ماہیت میں لیول پلیئنگ فیڈ کی ضد ہیں۔ بہرحال، انسانوں نے لیول پلیئنگ فیلڈ کو ایک مثالیہ کے طور پر قبول کیا ہے، اور اسے مہذب معاشرے کی منزل قرار دیا ہے۔ ’وائے نیشنز فیل‘ کے مصنفین کے مطابق مناپلیز کا ٹوٹنا اورلیول پلئینگ فیلڈ کا فراہم کیا جانا، یعنی قانون کی حکم رانی، مہذب و ترقی یافتہ معاشرے کی طرف سب سے بڑی جست قرار دی جا سکتی ہے۔اب چلتے ہیں لیول پلیئنگ فیلڈ کی طرف، یعنی جن معنیٰ میں ہمارے ہاں یہ اصطلاح آج کل کثرت سے استعمال کی جا رہی ہے۔اس کا سیدھا سادہ سا مطلب ہے کہ عمران خان کو رہا کیا جائے، انہیں اور ان کی پارٹی کو اگلے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی مکمل آزادی دی جائے، یعنی لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے۔اس کے جواب میں ہمارے مسلم لیگی دوست کہتے ہیں کہ اگر 2018 اور2024 کے انتخابات کو ایک دوسرے کے پہلو میں رکھ کر دیکھا جائے تو یہ آپ کو پاکستان کی انتخابی تاریخ کا سب سے بڑا لیول پلیئنگ فیلڈ نظر آئے گا، مگر ہم یہ دلیل نہیں مانتے، 2018 کا الیکشن تو غالباً پاکستان کی تاریخ کا بدترین الیکشن تھا، ایک غلط روایت کو کیسے سند مان لیں۔ اور یہ جو لیول پلیئنگ فیلڈ ہے یہ کسی دستاویز کا نام نہیں ہے، آپ اسے آئین کی کچھ شقوں کی تشریح کہہ سکتے ہیں، آپ اسے قانون کی حکم رانی کی تفسیر کہہ سکتے ہیں، یعنی قانون سب کے لیے برابر ہے، اور جب معاشرے کا کوئی فرد آئین و قانون توڑتا ہے یا فاترالعقل قرار پاتا ہے تو عین اُسی لمحے ریاست اُس شخص سے لیول پلیئنگ فیلڈ کا حق چھین لیتی ہے۔ یہی آئین کا حکم ہے، یہی قانون کا منشا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا عمران خان کا لیول پلیئنگ فیلڈ کا حق چھن چکا ہے؟ یقین جانیے اگر آئین توڑنے کی پاداش میںان سے یہ حق چھینا جاتا تو ہم انتہائی مطمئن و مسرور ہوتے کیوں کہ بہرحال اپنی حکومت کے جانے سے پہلے عمران خان نے آخری ہفتے میں کم از کم تین مرتبہ ببانگِ دُہل آئین توڑا تھا۔مگر افسوس کہ وہ اس جُرمِ کبیرہ کی وجہ سے جیل میں نہیں ہیں۔خبر یہ ہے کہ عمران خان نو مئی والے دن عساکر کے اندر ایک منظم سازش اور ناکام بغاوت کاحصہ تھے،اس جرم کے باعث اگر ان سے لیول پلیئنگ فیلڈ کا حق چھین لیا جاتا تو قابلِ فہم تھا، مگر وہ اس مقدمے کے تحت بھی جیل میں نہیں ہیں۔ ویسے تو سائفر، القادر ٹرسٹ، فارن فنڈنگ، سارے ہی انتہائی سنجیدہ نوعیت کے کیس ہیں، لیکن کیوں کہ ماضی میں اس ملک میں مقبول راہ نمائوں کے خلاف اتنے اوٹ پٹانگ کیس بنائے گئے ہیں کہ اب سنجیدہ کیسز کو بھی اسٹیبلشمنٹ کی کارستانی سمجھا جاتا ہے۔ بہرحال، عمران خان کے حامیوں کا خیال ہے کہ عمران خان کا سب سے بڑا جرم ان کی مقبولیت ہے، باقی سب افسانے ہیں۔
عمران خان مقبول تو ہیں، اس میں تو کوئی شبہ نہیں، اور اس بارے بھی تجزیہ کاروں میں اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے کہ ان کی مقبولیت دو ستونوں پر کھڑی ہے، ان کی حکومت جانے کے بعد مہنگائی میں اضافہ اور ان کا اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ۔اگر اگلے انتخاب میں واقعی کوئی صحیح معنیٰ میں لیول پلیئنگ فیلڈ کا اہتمام کرنا چاہتا تھا تو اس کی دو شرائط تھیں، پہلی تو یہ کہ پی ڈی ایم حکومت کو جانے سے پہلے یہ اجازت دی جاتی کہ وہ تمام بین الاقوامی معاہدوں کو بالائے طاق رکھ کر پٹرول اور بجلی کی قیمتیں زمیں بوس کر دے، جیسے ابو مقبول نے کیں تھیں، اور دوسری شرط اس سے بھی کڑی تھی، یعنی سیاسی راہ نمائوں کو یہ اجازت مرحمت فرمائی جائے کہ وہ ایک سال بے تکان طاقت وروں کی شان میں ’قصیدے‘ پڑھیں، انہیں ’جعفر از بنگال و صادق از دکن‘ کے القابات سے نوازیں، کبھی پیار سے انہیں جانور کہیں، کبھی غدار ۔ اور عوام طاقت وروں کے گریبان میں ہاتھ ڈالنے والے ان بہادروں کے سر پر مقبولیت کا تاج پہنا دیں۔
تو یہ جو مقبولیت کی دوڑ میں عمران خان آگے آگے نظر آ رہے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے سیاسی سٹی روئیڈ استعمال کئے ہوئے ہیں جو کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے اصول کی نفی ہے۔ اصولاً ان کا ’مقبولیت میڈل‘ واپس لیا جانا چاہیے۔ آپ چاہیں تو اولمپکس والوں سے تصدیق کر سکتے ہیں۔

لیول پلیئنگ فیلڈ کی دو شرائط” ایک تبصرہ

  1. You are in point of fact a just right webmaster. The website loading speed is incredible. It kind of feels that you are doing any unique trick. Also, the contents are masterpiece. you’ve performed a great activity on this subject! Similar here: bezpieczne zakupy and also here: E-commerce

اپنا تبصرہ بھیجیں