Aslam Malik

شو کمار بٹالوی

بھارت میں جس پنجابی شاعر نے سب سے زیادہ مقبولیت حاصل کی ، وہ تھے شِو کمار بٹالوی ۔۔۔۔ پنجاب میں تو وہ شاید ساحر، امرتا، فراز سے بھی زیادہ مقبول ہوئے۔ یوں سمجھیں ان کی نظمیں لوک گیت بن گئیں۔

نی اک میری اکھ کاشنی + دوجے رات دے انیندرے نے ماریا
مائے نی مائے+ میرے گیتاں دے نیناں وچ برہوں دی رڑک پوے
مائے نی مائے + میں اک شکرا یار بنایا
تینوں دیاں ہنجواں دا بھاڑا + نی دکھاں دا پراگا بھن دے، بھٹی والئیے

یہ سب آپ نے بھی سنی ہوں گی۔ ہر بڑے گلوکار نے ان کا کلام گایا ۔ وہ بھارت کا سب سے بڑا ادبی انعام ساہتیہ اکیڈیمی ایوارڈ لینے والے سب سے کم عمر شاعر تھے۔ بھارتی حکومت نے ان کے اعزاز میں ڈاک کا یادگاری لفافہ جاری کیا۔ آج بھی ان کے بارے میں بے شمار ویب سائٹس، پیج اور گروپ قائم ہیں۔ انٹر نیٹ پر اس کی موجودگی ہمارے عہد کے کسی بھی شاعر سے زیادہ ہے۔

13 جولائی 1936 کو بڑا پنڈ لوہٹیاں ( شکر گڑھ ) میں پیدا ہونے والے شِو کمار کو 1947 میں لاکھوں دوسرے لوگوں کی طرح اپنا گھر چھوڑنا پڑا۔
گھر والے بٹالہ میں آباد ہوئےاور وہ بٹالوی بن گیا۔

وہ ایک بے چین روح تھی ۔ تین کالجوں میں پڑھنے کے باوجود امتحان پاس نہ کر سکا۔ والد نے دوتین جگہ ملازمتیں دلائیں لیکن ہفتے میں بس دو تین دن دفتر جاتا۔ شادی اور بچے بھی ہوئے۔ سیکڑوں کنواریاں اور بیاہی عاشق ہوئیں ، لیکن اس کی اداسی دور نہ ہوئی۔ کئی کئی دن باقی دنیا سے کٹ کر کسی دوست کے گھر پڑا رہتا۔ مشاعروں اور کوی سمیلنوں کی آمدنی سے اخراجات پورے کرتا۔ اس کے نام سے ہزاروں لوگ مشاعروں میں آتے۔

لیکن وہ عمر کے 37 برس بھی پورے نہ کر سکا۔ 1973 میں 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات پٹھان کوٹ میں اس کی موت پنجاب بھر کیلئے ایک بڑا shock تھی۔
اسے رخصت ہوئے 50 برس بیت گئے، لیکن آج بھی اس کا پچھلے سو سال کے کسی بھی پنجابی شاعر سے زیادہ ذکر ہوتا ہے.

شِو کمار بٹالوی کی شاعری کی خوشبو سرحد پار بھی پہنچی کہ ِاسے کسی ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

پاکستاں میں شِو کمار بٹالوی کی نظموں کا ایک مختصر مجموعہ چھپا اور پھر اقبال قیصر کی مرتب کی ہوئی کلیات 1997 میں شائع ہوئی۔ پھر ہمارے دوست امجد سلیم منہاس کے ادارے ’’سانجھ‘‘ صفاں والا چوک ، لاہور ( فون نمبر 03334051741 ) نے شِو کمار کا تمام کلام ایک ہی جلد میں شائع کیا۔اس میں شِو کمار کی تمام کتابیں پیڑاں دا پراگا (1960)مینوں وداع کرو (1963)آرتی (1971)لاجونتی (1961)آٹے دیاں چڑیاں (1962 لونا (1965)میں اتے میں (1970)الوداع (1974) ہی نہیں ادھر ادھر رسالوں ، فائلوں اور ڈائریوں میں بکھرا ہوا تمام غیر مطبوعہ کلام بھی شامل ہے جوآصف رضا ، افضل ساحر اور عبدالحفیظ نے مرتب کیا ہے۔

Shiv Kumar poetry

کتاب کے درمیان شِو کمار کی کتابوں کے اصل ٹائٹل آرٹ پیپر پر اصل رنگوں میں لگائے گئے ہیں ۔ خوبصورت ہونے کے علاوہ اس کتاب کی یہ اضافی خوبی بھی ہے کہ اس میں بھارتی پنجاب میں بولے جانے والے سیکڑوں نسبتاََ اجنبی الفاظ کے معانی بھی درج ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں