peer naseer ud deen

‏کبھی اُن کا نام لینا کبھی اُن کی بات کرنا

‏کبھی اُن کا نام لینا کبھی اُن کی بات کرنا
مرا ذوق اُن کی چاہت، مرا شوق اُن پہ مرنا

وہ کسی کی جھیل آنکھیں وہ میری جُنوں مزاجی
کبھی ڈُوبنا اُبھر کر کبھی ڈُوب کر اُبھرنا

ترے منچلوں کا جگ میں یہ عجب چلن رہا ہے
نہ کسی کی بات سُننا، نہ کسی سے بات کرنا

شب غم نہ پُوچھ کیسے ترے مبتلا پہ گزری
کبھی آہ بھر کے گرنا کبھی گر کے آہ بھرنا

وہ تری گلی کے تیور وہ نظر نظر پہ پہرے
وہ مرا کسی بہانے تجھے دیکھتے گزرنا

کہاں میرے دل کی حسرت کہاں میری نارسائی
کہاں تیرے گیسوؤں کا ترے دوش پر بکھرنا

تجھے دیکھ کر نہ جانے ابھی کیوں ہیں لوگ زندہ
ہے عجیب بد مذاقی تجھے دیکھ کر نہ مرنا

ترے سامنے سے آ کر کوئی آئینہ ہٹا دے
کہ بڑھا رہا ہے اُلجھن تری زلف کا سنورنا

مرا آشیاں جلا دے نہیں اِس کا خوف، لیکن
نہ قفس میں قید کر کے مرے بال و پر کترنا

چلے لاکھ چال دُنیا، ہو زمانہ لاکھ دشمن
جو تری پناہ میں ہو اُسے کیا کسی سے ڈرنا

وہ کریں گے ناخدائی تو لگے گی پار کشتی
ہے نصیرؔ ورنہ مشکل ترا پار یُوں اُترنا

پیر نصیر الدین نصیر رح

اپنا تبصرہ بھیجیں