Yousaf Alamgerian

فیس بک ۔۔۔ چند قباحتیں

کل ایک خاتون نے شکایت بھرے لہجے میں مطلع کیا کہ سر چند روز قبل ایک صاحب کی فرینڈ ریکوئسٹ آئی ۔۔۔ مشترکہ فرینڈز کی لسٹ میں آپکا نام بھی دیکھا تو ریکوئسٹ فوری ایکسیپٹ کر لی ۔۔۔ شروع میں کچھ دن وہ آدمی بہت سلجھا ہوا لگا۔۔۔ لیکن پھر اس نے عجیب و غریب قسم کی اخلاق سے گری ہوئی باتیں شروع کر دیں ۔۔۔ اور مجبورا اس خاتون نے اس شخص کو بلاک کیا اور پھر مجھے شکایت کی۔۔۔مجھے انہوں نے اس شخص کا نام بتایا تو مجھے بھی یاد نہیں آ رہا تھا کی اس نام کا کوئی شخص فیس بک پر فرینڈز کی لسٹ میں موجود ہے بھی یا نہیں ۔۔۔
پھر بھی مجھے شرمندگی ہوئی کہ میرا مشترکہ فرینڈ ہونے کے ناتے ان خاتون کے ساتھ ایسا ہوا۔۔۔
میں نے ان خاتون سے کہا کہ آئندہ احتیاط کریں ۔۔۔ کہ فیس بک فرینڈز اصل میں دوست نہیں ہوتے ۔۔۔ سوائے ان چند لوگوں کے جن کو آپ برس ہا برس سے جانتے ہوتے ہیں اور ایک عزت و احترام کا تعلق ان سے ہوتا ہے ۔۔۔ باقی لوگ صرف ایک سوشل نیٹ ورک کی بدولت آپ سے منسلک ہوتے ہیں ۔۔۔ وہ سب لوگ ایک دوسرے کو فیس بک پر جا نتے ہوئےبھی صحیح معنوں میں جاننے کا دعوی نہیں کر سکتے ۔۔۔۔
فیس بک پر اور بھی کئی قباحتیں ہیں ۔۔۔جن میں سے ایک یہ کہ کچھ لوگوں کی فرینڈ ریکوئسٹ آپ جیسے ہی ایکسیپٹ کریں اس سے اگلے ہی لمحے وہ آپکو میسنجر پر کالیں کھڑکانا شروع کر دیتے ہیں ۔۔۔اور میسیج پر میسیج شروع ۔۔۔ واٹس اپ نمبر کا تقاضا بھی ساتھ ہی شروع ہو جاتا ہے ۔۔۔ ہر انسان کی اپنی ایک زندگی اور پرائیویسی ہوتی ہے ۔۔۔ جس میں دخل اندازی قطعا مناسب نہیں ہوتی ۔۔۔۔ ایسے کئی لوگوں کو مجبورا بلاک کرنا پڑتا ہے ۔۔۔
فیس بک پر مجھ سمیت بہت سے لوگ ایک دوسرے کو فالو کر رہے ہوتے ہیں ۔۔۔ انکی کارآمد پوسٹوں میں زندگی کا نچوڑ ہوتا ہے ۔۔۔ کسی کی شاعری، کسی کی نثر کسی کا ذوق موسیقی یا بہت سی قدریں مشترک ہوتی ہیں ۔۔۔ ان چیزوں سے کوئی سبق حاصل ہو جانا ہی شائد فیس بک ایسے نیٹ ورک کی بچت ہے ۔۔۔ بلاشبہ فیس بک نیٹ ورک کسی کی توہین، تذلیل یا ہراساں کرنے کے لئے قطعا نہیں ہے

ڈاکٹر یوسف عالمگیرین

اپنا تبصرہ بھیجیں