تارکین وطن کی اموات انسانیت سوز سانحہ ہے، پوپ فرانسس

پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ بحیرہ روم میں متعدد تارکین وطن کی اموات انسانیت کیلئے رستا ہوا زخم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز دعائیہ تقریب کے دوران ایسے موقع پر کیا جب گزشتہ ہفتے بحیرہ روم میں کشتی ٹوٹنے کے پے در پے واقعات سامنے آئے ہیں ۔ انہوں نے بدھ کے روز کشتی ڈوبنے کے حادثے میں مرنے والے 41افراد کیلئے دعا بھی کی ، اس حادثے میں 4افراد زندہ بچ کر اطالوی جزیرے پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے ان اعدادوشمار کو دردناک اور شرمناک قرار دیا جس کے مطابق رواں برس اب تک 2ہزار سے زائد تارکین وطن بحیرہ روم میں ڈوب کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔ سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جمع ہونے والے عیسائی یاتریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت کیلئے رستا ہوا زخم ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان سیاستدانوں اور سفارتکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جو انسانی ہمدردی اور بھائی چارے کے جذبے سے تارکین وطن کے دکھوں کا مداوا کرنے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے امدادی کارکنوں سمیت ا ن افراد کی کوششوں کی بھی تعریف کی جو کشتیوں کو ڈوبنے سے بچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں