راولپنڈی(این این آئی)آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا جغرافیائی اور نظریاتی دفاع اور کشمیر کا پاکستان سے الحاق کشمیریوں کے ایمان کا حصہ ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار عتیق احمد خان نے یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیر کاز کیلئے پاکستان کی قربانیوں اور دفاع پاکستان کیلئے کشمیریوں کی قربانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے قدرکرتے ہیں۔ کشمیری اور پاکستانی عوام ایک نظریے میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کیلئے لازم وملزوم ہیں۔اس موقع پر ایک قرارداد بھی پاس کی گئی جس میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر کے عوام مادر وطن کے دفاع اور خوشحالی کیلئے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔سردار عتیق احمد خان نے 1965 کے افواج پاکستان کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
